غزہ میں ٹرمپ کی سازش پر عمل ہوا تو یمن فوجی طاقت کا استعمال کرے گا، انصاراللہ یمن کے سربراہ کا انتباہ

تہران/ ارنا- انصاراللہ یمن کے سربراہ نے زور دیکر کہا ہے کہ اگر امریکہ نے فلسطینی عوام کو اپنی سرزمین سے جبری طور پر کوچ کرانے کی کوشش کی تو انہیں یمن کی فوجی طاقت کا سامنا کرنا پڑے گا۔

انصاراللہ یمن کے سربراہ سید عبدالملک بدرالدین الحوثی نے اپنی تازہ تقریر میں علاقے کے حالات اور غزہ کے عوام کے خلاف ٹرمپ کی سازش پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اگر امریکہ اور صیہونیوں نے اس منصوبے پر عمل کیا یا پھر عرب حکومتوں کے ساتھ اس سازش کو عملی جامہ پہنانے پر اتفاق کیا تو پھر انہیں ہماری فوجی طاقت کا سامنا کرنا پڑے گا۔

انہوں نے خبردار کیا کہ امریکہ اور صیہونیوں کو اس غلط، ظالمانہ، مجرمانہ اور دشمنی پر مبنی حرکت کو عملی جامہ پہنانے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔

انصاراللہ یمن کے سربراہ نے کہا کہ غزہ کے عوام کو اگر کوچ کرایا گیا تو پوری طاقت کے ساتھ فوجی کارروائی انجام دیں گے اور اللہ تعالی کی راہ میں جہاد کا ہر طریقہ اپنائیں گے۔

انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ امریکی اور اسرائيلیوں کو یمن کے میزائلی، ڈرون، بحری طاقت اور دیگر ہتھیاروں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

انہوں نے غزہ میں جنگ بندی کی خلاف ورزی اور دوسرے مرحلے کے لیے رچی جانے والی سازشوں کی جانب سے بھی خبردار کیا۔

ٹرمپ کی اس دھمکی پر کہ اگر ہفتے کے روز تمام اسرائیلی قیدی رہا نہ کیے گئے تو غزہ کو جہنم بنادیں گے، عبدالملک بدرالدین الحوثی نے امریکی صدر کو مخاطب کرکے کہا کہ جہنم کی آگ تم جیسے ظالم، جابر، مجرم اور مستکبروں کے لیے تیار کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ فلسطینی مجاہد معاہدے کے برخلاف کوئی دوسرا طریقہ اپنانے کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے۔

عبدالملک بدرالدین الحوثی نے ایک بار پھر خبردار کیا کہ اگر امریکیوں یا پھر صیہونی حکومت نے ہفتے کے روز، اس سے قبل یا اس کے بعد غزہ پر حملہ کیا تو یمن بھی فوری طور پر فوجی کارروائی کے لیے تیار ہے۔

انصاراللہ کے سربراہ نے واضح کیا کہ ان کی نگاہیں غزہ میں جنگ بندی کے معاہدے پر جمی ہوئی ہیں اور اسرائیل اور امریکہ کی خلاف ورزی کی صورت میں ان کو نشانہ بنانے میں ذرہ برابر تاخیر نہیں ہوگی۔

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .